22 نومبر 2016 - 10:42
امت مسلمہ کربلا کو اسوہ قرار دے تو اسلامی ممالک کیخلاف ہونیوالی سازشیں ناکام ہوجائیں گی

راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ عزاداری سیدؑ الشہداء پرچم اسلام کی سربلندی کی تحریک ہے، ماتمی جلوس ہائے عزا اُمت مسلمہ کو اتحاد کی دعوت دیتے ہیں، اگر امہ کربلا سے درس لے تو سامراجی قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، اسلام اور پاکستان کے دشمن کارستانیوں میں مصروف ہیں، جنکا قلع قمع کیا جانا چاہیے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ عارف واحدی نے راولپنڈی میں اربعین کے جلوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں دہشتگردی کو فرقہ واریت سے نہ جوڑا جائے، ہمارے ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے، عزاداری کے جلوس و مجالس برپا کرنا ہماری عبادت ہے، جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، جسے کسی صورت بھی محدود نہیں کیا جا سکتا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے شیعہ علماء کونسل راولپنڈی کے ضلعی صدر علامہ نصیر حسین موسوی، نائب صدر سید جاوید حسین شاہ کے ہمراہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوس میں شرکت کی۔ فوارہ چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اگر کربلا سے شروع ہونے والی اسلام کے احیاء کی عظیم تاریخ کو لیکر اٹھ کھڑی ہو تو اسلامی ممالک کے خلاف ہونے والی سامراجی سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پاکستان میں دہشتگردی کو فرقہ واریت سے نہ جوڑا جائے، ہمارے ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں، آج شیعہ سنی سب مل کر نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کا چہلم منا رہے ہیں، چند مٹھی بھر عناصر ہیں، جو ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں اور وطن عزیز کی سکیورٹی کو پارہ پارہ کرکے اسکی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف عمل ہیں، ہمیں ملک میں تکفیری سازشوں کو شیعہ سنی اتحاد سے ناکام بنانا ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ عزاداری سیدؑ الشہداء پرچم اسلام کی سربلندی کی تحریک ہے، ماتمی جلوس ہائے عزا اُمت مسلمہ کو اتحاد کی دعوت دیتے ہیں، اگر امہ کربلا سے درس لے تو سامراجی قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، اسلام اور پاکستان کے دشمن کارستانیوں میں مصروف ہیں، جن کا قلع قمع کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب قانون کے پابند ہیں، جلوس وقت پر اختتام پذیر ہونگے، سی پیک سے بہت سے دشمن خوفزدہ ہیں، خونخوار دشمن انڈیا اس منصوبے کے درپے ہے، ہم ملکر دشمنوں کا مقابلہ کرینگے، ملک میں سب بھائی بھائی ہیں، پاک فوج نے ملکی دفاع کے لئے جو قربانیاں دیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔، اپنی افواج پر فخر ہے، آپریشن ضرب عضب کو بڑھانے کی ضرورت ہے، تاکہ دہشت گردوں کا قلع قمع ہو، اس کا دائرہ کار جنوبی پنجاب سے کوئٹہ تک بڑھایا جائے۔

.......

/169